Description
La Yamoot: A Memoir by Rashid Shaz لایموت: ایک خودنوشت
”لا یموت محض ایک خود نوشت نہیں گو کہ اسے اس پیراۓ میں لکھنے کی کوشش ضرور کی گٸی ہے۔ اس کتاب کی ورق گردانی کرتے ہوۓ آپ کو بہت سی مانوس آوازیں سناٸی دیں گی اور بسااوقات تو ایسا لگے گا کہ آپ کا ان کرداروں سے جنم جنم کا رشتہ ہو۔ دبی کچلی آوازیں، کٹے پھٹے لوگ، مسخ شدہ زندہ لاشے جن سے زندگی کی رمق چھین لی گٸی ہو۔ ان ستم نصیبوں کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے ساتھ دراصل ہوا کیا ہے۔ اہل یہود اپنے اوپر گزرنے والے سانحے کو ہولوکاسٹ سے موسوم کرتے ہیں اور فلسطینیوں نے اپنے قومی سانحے کو، جس نے ان کی معمول کی زندگی کو گذشتہ پچھتر برسوں سے تہہ و بالا کر رکھا ہے، نکبہ کا نام دے رکھا ہے جس کی یاد میں وہ ہر سال یومِ نکبہ مناتے ہیں۔ البتہ غم کے مارے ہندوستانی مسلمانوں کو یہ سہولت بھی حاصل نہیں کہ وہ اس وقوعہ عظمیٰ کو جو ان کے ساتھ پیش آیا ہے کوٸی ڈھنگ کا نام ہی دے سکیں۔
کہنے کو تو یہ ایک شخص کی داستانِ حیات ہے مگر ان اوراق میں ہندوستانی مسلمانوں کے حقیقی شب و روز کچھ اس طرح رقم ہوتے چلے گٸے ہیں کہ قاری ہر صفحے پر رک کر سوچتا ہے کہ اسے واقعات و حوادث کی اس ترتیب میں اس کے اندر پوشیدہ معانی کا علم اب تک کیوں کر نہ ہو سکا۔
بہتوں کے لیے یہ کتاب چشم کشا ثابت ہو گی۔ البتہ اس بیانیے کا ایک فطری نقص یہ ہے کہ یہ قصہ جانکاہ بھی اپنی تمام تر محشر بیانیوں کے باوجود ہندوستانی مسلمانوں کے اس حادثہ عظمیٰ کو کوٸی نام دینے میں ناکام نظر آتا ہے۔ کیا عجب کہ یہی اس کی خوبی بھی ہو کہ جب تک غیر معمولی واقعات و حوادث کے بیان کے لیے ایک نٸی اور مناسب لغت موجود نہ ہو لکھنے والا اسے گرفت میں لاۓ تو کیسے؟“
-Rashid Shaz
Reviews
There are no reviews yet.